وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر نے سیلاب کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں گی اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے پہنچایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب میں پھنسے افراد اور سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومت سے امدادی سرگرمیوں کے لئے رابطے مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔
خیبرپختونخواہ حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خورونوش اور دیگر امدادی سامان فوری طور پر پہنچایا جائے۔
وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر قسم کی مدد کرے گی اور اس مشکل گھڑی میں ہماری تمام ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ادویات، خیمے اور اشیاء خورونوش کی فوری فراہمی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ صوبے کی مدد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔