اسلام آباد میں“سی پیک ان مائی آئیز” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد ہوا۔ جس میں پاک چین تعلقات اور سی پیک منصوبوں کے ثمرات پر روشنی ڈالی گئی۔
سیمینار میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ،معاون خصوصی برائے سی پیک عاصم نیازی اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
مقررین نے بتایا کہ سی پیک سے اب تک 75ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔اورنج لائن سے ٹرانزٹ سسٹم میں نمایاں پیش رفت ہوئی اور گوادر میں پانی، ہوائی اڈہ، اسپتال سمیت بنیادی سہولیات میسرآئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سی پیک صرف ایک راہداری نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی کا ضامن منصوبہ ہے، گوادر کو جدید ترین شہر بنانے کا عزم کیا اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے بتایا کہ سی پیک منصوبوں میں نوے فیصد کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت بہتر ہوئی ہے، شرح نمو دو اعشاریہ چھ فیصد بڑھی ہے اور افراط زر میں کمی آئی۔
معاون خصوصی عاصم نیازی نے دہشت گردی کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے ماحول مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سیبٹ سیدال ناصر نے سی پیک کو بلوچستان سمیت پورے ملک کی خوشحالی کی کنجی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں۔
شرکاکاکہناہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کی لائف لائن ہے۔اس منصوبے کے ثمرات نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے میں خوشحالی لائیں گے۔