فخر زمان ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ ٹیم کے سینئر بائیں ہاتھ کے بلے باز فخر زمان ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ماندہ ون ڈے میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی عدم دستیابی کی وجہ بائیں ٹانگ کی ہیمسٹرنگ میں کھنچاؤ ہے۔
یہ انجری فخر کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران لاحق ہوئی جب وہ انیسویں اوور میں باؤنڈری روکنے کے دوران تکلیف میں مبتلا نظر آئے۔ طبی معائنے کے بعد تصدیق ہوئی کہ انہیں ہلکی نوعیت کی ہیمسٹرنگ انجری ہے۔
فخر زمان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیل سکے تھے اور اب مکمل ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میں ان کی جگہ آل راؤنڈر خوشدل شاہ کو شامل کیا گیا تھا۔
فخر زمان کو 4 اگست بروز پیر وطن واپسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں بحالی کے عمل سے گزریں گے۔
فخر نے ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں 28 اور 20 رنز کی اننگز کھیلیں۔ تاہم رواں سال وہ بار بار انجری کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ مارچ میں چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔
ادھر پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-1 سے جیت لی ہے، سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز محمد نواز کو ملا، جنہوں نے مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں اور دو اننگز میں 11 رنز بھی بنائے۔