فلسطینی نژاد معروف ماڈل ندین ایوب نے اعلان کیا ہے کہ وہ عالمی مقابلہ حسن “مس یونیورس 2025” میں فلسطین کی نمائندگی کریں گی۔
یہ تاریخی موقع رواں برس نومبر میں تھائی لینڈ کے شہر پاک کریٹ میں ہونے والے 74 ویں ایڈیشن میں میسر آئے گا، جہاں پہلی بار فلسطین کی جانب سے کوئی ماڈل اس مقابلے میں شریک ہو رہی ہے۔
ندین ایوب نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک اعزاز کے لیے نہیں بلکہ اپنی قوم کی سچائی اور جدوجہد کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے اس اسٹیج پر قدم رکھ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’’جب میرا وطن فلسطین، خصوصاً غزہ، دکھ اور صدمے سے گزر رہا ہے تو میں اُن لوگوں کی آواز بن کر آ رہی ہوں جو خاموش رہنے سے انکار کرتے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا ’’میں ہر فلسطینی عورت اور ہر بچے کی نمائندگی کر رہی ہوں جن کی ہمت اور استقامت دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے‘‘۔
ندین ایوب کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی قوم صرف دکھ کی داستان نہیں بلکہ امید اور مضبوطی کی علامت ہے اور اسی پیغام کو وہ مس یونیورس میں اجاگر کرنا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ دبئی میں مقیم ندین ایوب فٹنس کوچ اور غذائی ماہر کے طور پر بھی پہچانی جاتی ہیں۔ اس سے قبل 2022 میں وہ منیلا میں ہونے والے مس ارتھ مقابلے میں ’’مس ارتھ واٹر‘‘ کا اعزاز اپنے نام کرچکی ہیں۔