گلگت بلتستان کے ضلع شگر کے علاقے ہوشے ویلی میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو جرمن خواتین کوہ پیما حادثے کی زد میں آ گئیں۔
سرکاری ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق، لینڈ سلائیڈنگ کے دوران مسز درمین لورا لینا شدید زخمی ہو گئیں، جبکہ مسز کروس مرینہ ایوا پھنس گئی ہیں اور ان تک فوری رسائی درکار ہے۔
ترجمان کے مطابق، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر متاثرہ غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق افواجِ پاکستان کے تعاون سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ موقع پر موجود ٹیمیں متاثرہ مقام تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔
ریسکیو آپریشن کے لیے ہیلی کاپٹر بھی موقع پر موجود ہے تاہم موسم کی خرابی کے باعث فضائی کارروائی میں وقتی تعطل پیش آ رہا ہے۔
فیض اللہ فراق نے مزید بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ مکمل تیاری کے ساتھ موجود ہیں اور موسمی حالات بہتر ہوتے ہی فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا جائے گا تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔