چکوال: موٹروے ایم-ٹو پر بلکسر انٹرچینج کے قریب راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر بس کو افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 26 مسافر زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ بس کے فرنٹ بائیں ٹائر کے پھٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی الٹ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
شدید زخمی اور جاں بحق مسافروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال چکوال منتقل کیا گیا جبکہ معمولی زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت حبیبہ دختر نامعلوم عمر 35 سال، حیدر ولد محسن عمر 8 ماہ، امِ حبیبہ زوجہ خلیل عمر 26 سال، نامعلوم بچہ عمر 1 سال، خدیجہ دختر خالق عمر 14 سال، حرم دختر خالق عمر 2 سال، سردار ندیم ولد نامعلوم عمر تقریباً 45 سال، منشا بیگم زوجہ شاہد عمر 38 سال سے ہوئی ہے۔
متاثرہ بس راولپنڈی سے لاہور جا رہی تھی اور بلکسر انٹرچینج کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
موٹروے پولیس کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور حادثے کی مکمل تحقیقات بھی کی جا رہی ہے۔