
ارکان کی حلف برداری میں رکاوٹ، الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کو نیا خط لکھ دیا
اسلام آباد: خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری نہ ہونے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس صورتحال پر پشاور ہائی کورٹ کو ایک اور مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایک ایسے جج یا نمائندے کو نامزد کریں جو خیبرپختونخوا اسمبلی کے نو منتخب ارکان سے حلف لے سکے۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ اسمبلی میں کورم کی نشاندہی کے باعث تاحال منتخب ارکان کی حلف برداری ممکن نہیں ہو سکی۔
الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان نے بروقت حلف نہ اٹھایا تو سینیٹ انتخابات کا انعقاد مشکل ہو جائے گا۔
ادارے نے اس صورتحال پر فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ آئندہ انتخابی عمل پر براہِ راست اثر انداز ہو سکتا ہے۔