گولز کی بارش، سنسنی خیز مقابلے اور بڑے اپ سیٹس، کیا یہ تاریخ کا سب سے بہترین ورلڈ کپ بن گیا؟

گولز کی بارش، سنسنی خیز مقابلے اور بڑے اپ سیٹس، کیا یہ تاریخ کا سب سے بہترین ورلڈ کپ بن گیا؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ پنالٹی کے ذریعے کیے گئے گولز کا تناسب صرف 5 فیصد رہا

کھیلوں کی دنیا کے سب سے مقبول اور بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2026 نے سنسنی، ڈرامے اور حیران کن نتائج سے شائقین کو دیوانہ بنا دیا ہے۔

آخری لمحات میں گولز، شاندار کم بیکس اور بڑے اپ سیٹس نے اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنا دیا ہے جس کے بعد سوال اٹھنے لگا ہے کہ کیا یہ اب تک کا سب سے بہترین ورلڈ کپ ہے؟

کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں کھیلا جانے والا یہ ورلڈ کپ کئی حوالوں سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ پہلی بار 48 ٹیموں پر مشتمل اس میگا ایونٹ نے شرکت کے اعتبار سے نیا ریکارڈ قائم کیا تاہم میدان کے اندر کی سنسنی بھی اسے خاص بنا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کے 104 میچز میں سے 96 مقابلوں کے دوران مجموعی طور پر 280 گول اسکور کیے جا چکے ہیں یعنی فی میچ اوسط 2.92 گولز، جو 1970 کے میکسیکو ورلڈ کپ کے بعد سب سے بہترین شرح ہے۔

ماضی کے مقابلوں پر نظر ڈالیں تو قطر 2022 میں فی میچ 2.69، روس 2018 میں 2.64، برازیل 2014 میں 2.67 جبکہ جنوبی افریقہ 2010 میں صرف 2.27 گولز فی میچ ریکارڈ کیے گئے تھے۔

اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول والا میچ جرمنی کی کیوراساؤ کے خلاف 7-1 کی کامیابی رہا جبکہ مزید کئی مقابلوں میں گولز کی بھرمار دیکھنے کو ملی۔ سات دیگر میچز میں 6، جبکہ 13 مقابلوں میں 5،5 گول اسکور ہوئے۔

ٹورنامنٹ کی ایک اور خاص بات جارحانہ فٹبال ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 74.6 فیصد گولز کھلے کھیل کے دوران کیے گئے جو ورلڈ کپ تاریخ کی بلند ترین شرحوں میں شامل ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پنالٹی کے ذریعے کیے گئے گولز کا تناسب صرف 5 فیصد رہا جو ورلڈ کپ تاریخ میں سب سے کم شرح قرار دی جا رہی ہے۔

اب تک کے مقابلوں نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ ورلڈ کپ گولز، جذبات اور حیران کن لمحات کے لحاظ سے فٹبال کی تاریخ کے یادگار ترین ایونٹس میں شامل ہو سکتا ہے۔

Related posts

ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال پر مفتی تقی عثمانی کا اہم فتویٰ سامنے آ گیا

ایران کے شہید سپریم لیڈر کی مشہد میں تدفین مکمل، لاکھوں افراد نے آخری سلام پیش کیا

ایران میں گزشتہ رات ہونے والے دھماکوں سے امریکی فوج نے لاتعلقی کا اعلان کر دیا