ایران نے لبنان سے اسرائیلی انخلاء کے واضح ٹائم لائن کا مطالبہ کر دیا

ایران نے لبنان سے اسرائیلی انخلاء کے واضح ٹائم لائن کا مطالبہ کر دیا

خطے میں دیرپا امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ضروری ہے، ترجمان

ایران نے لبنان سے اسرائیلی افواج کے انخلا کے لیے واضح اور غیر مشروط ٹائم لائن مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خطے میں جاری صورتحال پر شدید ردعمل دیا ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اسرائیلی افواج کا مکمل اور غیر مشروط انخلا ناگزیر ہے اور اس کے لیے واضح ٹائم لائن طے کی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق لبنان کی خودمختاری کا تحفظ اور جنگ کا خاتمہ کسی بھی پائیدار معاہدے کی بنیادی شرط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں پر مبنی ہے اور خطے میں دیرپا امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ضروری ہے۔

اسماعیل بقائی نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کو رکوانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے، جبکہ مفاہمتی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو خطے کے امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کی لبنان پر جاری کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت مسلسل حملے جاری رکھے ہوئے ہے جو افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی پہلی اور بنیادی شق تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے پر مبنی ہے اور اسی معاہدے کے تحت اسرائیلی انخلا بھی ضروری ہے۔

عباس عراقچی کے مطابق جنگ بندی کے قیام اور مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے، اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے واشنگٹن کو فوری کردار ادا کرنا چاہیے۔

Related posts

بین اسٹوکس نے ٹیسٹ میچ کے دوران اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا

ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کے متنازعہ فیصلوں نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کو داغدار کر دیا

دبئی کسٹمز نے انسداد منشیات کی کارروائیوں کو مضبوط بنانے کے لیے جدید K9 بیڑے کا آغاز کیا۔