فلک شبیر کا مختصر لباس سے متعلق بیان وائرل؛ مریم نواز سے اہم اپیل کردی
عوامی مقامات پر مختصر لباس پہننے والوں کے خلاف قانون بنایا جائے، گلوکار
پاکستان کے معروف گلوکار فلک شبیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے عوامی مقامات پر خواتین کے مختصر لباس سے متعلق قانون سازی کی اپیل کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں فلک شبیر نے کہا ہے کہ 2 بیٹیوں کے باپ ہونے کے ناطے میں وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز سے عاجزانہ درخواست کرتا ہوں کہ عوامی مقامات، بازاروں اور سڑکوں پر مختصر لباس پہننے والوں کے خلاف کوئی قانون بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہ ہو کہ بعد میں ہمیں اپنی ثقافت اور اقدار کے تباہ ہونے پر افسوس کرنا پڑے۔
گلوکار کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ دیگر نے اسے ذاتی آزادی اور انفرادی انتخاب کا معاملہ قرار دیا۔
