پنجاب و خیبرپختونخوا کے لئے 45 ہزار، سندھ کے لئے 46 ہزار کم از کم اجرت کی سفارش

پنجاب و خیبرپختونخوا کے لئے 45 ہزار، سندھ کے لئے 46 ہزار کم از کم اجرت کی سفارش

رپورٹ میں اجرت کے تعین کے لیے شفاف اور شواہد پر مبنی نظام متعارف کرانے پر زور دیا گیا ہے۔

اسلام آباد: پائیڈ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لئے 45 ہزار جب کہ سندھ کے لئے 46 ہزار روپے کم از کم ماہانہ اجرت مقرر کرنے کی سفارش کردی۔

پائیڈ نے مالی سال 2026-27 کے لیے کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 45 ہزار روپے کرنے کی سفارش کرتے ہوئے نئی پالیسی رپورٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ میں اجرت کے تعین کے لیے شفاف اور شواہد پر مبنی نظام متعارف کرانے پر زور دیا گیا ہے۔

پائیڈ کی رپورٹ کے مطابق کم از کم اجرت میں 12.5 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ کم از کم اجرت کے باقاعدہ اعلان کے بجائے ویج گورننس سسٹم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محنت کشوں کے تحفظ، پیداواری صلاحیت اور کاروباری استحکام کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 80 فیصد روزگار غیر رسمی شعبے سے منسلک ہے، اس لیے اجرت کے نظام کا نفاذ مرحلہ وار ہونا چاہیے۔

پائیڈ نے سفارش کی ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے کم از کم اجرت 45 ہزار روپے، سندھ کے لیے 46 ہزار روپے جب کہ بلوچستان کے لیے 45 ہزار 500 روپے مقرر کی جائے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری ٹھیکوں اور آؤٹ سورس سروسز میں کم از کم اجرت کی پابندی لازمی قرار دی جائے جب کہ ایس ایم ایز، زراعت اور گھریلو ملازمین تک اجرت قوانین کا دائرہ بھی مرحلہ وار بڑھایا جائے۔

پائیڈ نے صوبوں کو بھی سفارش کی ہے کہ وہ ہر سال کم از کم اجرت کے نفاذ سے متعلق باقاعدہ رپورٹ جاری کریں تاکہ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مہنگائی اور غذائی عدم تحفظ میں اضافے کے باعث ایک مؤثر اجرت نظام ناگزیر ہوچکا ہے جب کہ کم از کم اجرت کا براہِ راست تعلق غربت میں کمی، قوتِ خرید اور مجموعی معاشی استحکام سے ہے۔

پائیڈ نے مجوزہ فریم ورک پلاننگ کمیشن کو مزید غور و خوض کے لیے ارسال کردیا ہے۔

Related posts

ڈی آئی بی نے مسلسل تیسرے سال ‘دبئی اسکولز’ پروجیکٹ کو سپورٹ کرنے کے لیے ڈی ایچ 11 ملین کا وعدہ کیا۔

امریکا ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا، آبنائے ہرمز پر جلد حل کی امید ہے؛ مارکو روبیو

3 ماہ قبل شہید ہونے والے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین کی تیاریاں شروع