بلال عباس اور درفشاں سلیم نے نکاح کر لیا؟ افواہیں پھر زیرِگردش
اس سے قبل 2025 میں بھی ایسی افواہیں زیرِ گردش رہی تھیں
پاکستان کے معروف اداکار بلال عباس خان اور اداکارہ درفشاں سلیم کی شادی سے متعلق افواہیں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی ہیں جس کے باعث مداحوں میں دلچسپی اور تجسس میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
یہ قیاس آرائیاں اس وقت زور پکڑ گئیں جب اداکار بلال عباس نے مکہ مکرمہ سے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں۔
اس کے بعد مختلف انسٹاگرام پیجز اور فین اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ دونوں اداکار حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں اور ممکنہ طور پر پہلے ہی نکاح کر چکے ہیں۔
ہفتے کے اختتام پر یہ افواہیں مزید پھیل گئیں اور متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے دونوں اداکاروں کے سعودی عرب میں ایک ساتھ موجود ہونے سے متعلق پوسٹس شیئر کیں۔
کچھ پوسٹس میں یہاں تک دعویٰ کیا گیا کہ بلال عباس اور درفشاں سلیم پہلے ہی نکاح کے بندھن میں بندھ چکے ہیں تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے ان خبروں کی نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید سامنے آئی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ دونوں فنکاروں کے درمیان تعلق یا شادی سے متعلق قیاس آرائیاں سامنے آئی ہوں، اس سے قبل 2025 میں بھی ایسی افواہیں زیرِ گردش رہی تھیں جن پر درفشاں سلیم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسی خبروں پر خاموشی اختیار کرتی ہیں۔