امریکا نے آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکا بندی کا اعلان کر دیا
کارگو جہازوں کو سیکیورٹی کی مد میں 20 فی صد چارجز دینے ہوں گے، صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے متعلق بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم بحری راستہ کھلا رہے گا تاہم ایران کے جہازوں یا ایران سے تجارت کرنے والے فریقوں کے لیے پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا رہی ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا ایرانی ناکہ بندی بحال کر رہا ہے، جس کا مقصد صرف ایران کے بحری جہازوں اور ایران سے متعلق آمد و رفت کو روکنا ہے جبکہ دیگر ممالک کے لیے آبنائے ہرمز کا استعمال کھلا رہے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا اب آبنائے ہرمز کے تحفظ کے لیے گارڈین آف دی ہرمز اسٹریٹ کے کردار میں ہوگا۔ ان کے مطابق عالمی بحری راستے کی حفاظت اور سیکیورٹی پر آنے والے اخراجات کے بدلے امریکا کو وہاں سے گزرنے والے کارگو پر 20 فیصد معاوضہ دیا جانا چاہیے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے لیے عمل درآمد اور انتظامی ڈھانچہ فوری طور پر تشکیل دینا شروع کیا جائے گا۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل بردار بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی توانائی کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس حوالے سے کسی بھی نئی پابندی یا سیکیورٹی اقدام کے عالمی تجارت، تیل کی قیمتوں اور خطے کی کشیدگی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔