جنگ بندی کے باوجود امریکا نے جنوبی ایران میں فضائی حملہ کردیا، سینٹ کام کی تصدیق

جنگ بندی کے باوجود امریکا نے جنوبی ایران میں فضائی حملہ کردیا، سینٹ کام کی تصدیق

ایرانی میڈیا نے بندر عباس اور آبنائے ہرمز کے اطراف دھماکوں اور فضائی حملوں کی اطلاعات کی تصدیق کی ہے

امریکی فوج نے جنوبی ایران میں فضائی حملہ کرتے ہوئے میزائل لانچنگ سائٹس اور بارودی سرنگیں نصب کرنے والی ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کر دی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز کے مطابق یہ حملہ امریکی افواج کے دفاع کے لیے کیا گیا جس کا مقصد خطے میں موجود امریکی فوجیوں کو ممکنہ ایرانی خطرات سے محفوظ رکھنا تھا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ جاری جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی افواج کے دفاع کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے بندر عباس اور آبنائے ہرمز کے اطراف دھماکوں اور فضائی حملوں کی اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔

نیم سرکاری مہر نیوز ایجنسی کے مطابق بندر عباس میں تین حملے ہوئے تاہم صورتحال قابو میں ہے اور شہریوں کیلئے کسی بڑے خطرے کی اطلاع نہیں۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں کے بعد صوبہ ہرمزگان کا فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا جبکہ خلیج عمان میں امریکی جنگی بحری جہازوں پر میزائل داغے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق بندر عباس میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب کہ فارس نیوز نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع سیرک اور جاسک کے علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی آوازیں سنائی دیں۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدہ جنگ بندی اور سفارتی رابطوں کے دوران اس تازہ حملے نے خطے میں ایک بار پھر تناؤ اور تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔

Related posts

دبئی پولیس نے عید کی تقریبات کے دوران بچوں کی حفاظت پر زور دیا۔

لبیک اللھم لبیک! وقوفِ عرفہ آج ادا ہوگا، حجاج کرام عبادات میں مصروف

متحدہ عرب امارات کا موسم: دبئی، ابوظہبی کے لیے آگے گرم دن اور مرطوب رات