وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، حملہ آور جوابی کارروائی میں ہلاک

وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، حملہ آور جوابی کارروائی میں ہلاک

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے باہر درجنوں گولیوں کی آوازیں سنائی دیں

امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے باہر ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم سیکریٹ سروس نے فائرنگ کرنیوالے شخص کو ہلاک کر دیا۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کا واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے دوران وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ جاری تھی اور نارتھ لان میں صحافی موجود تھے سیکرٹ سروس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کو لاک ڈاؤن کردیا اور صحافیوں کو بریفنگ روم منتقل ہونے کی ہدایت دی۔

فاکس نیوز کے مطابق سیکرٹ سروس کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں حکام کے مطابق کوئی سیکیورٹی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور صورتحال قابو میں ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے باہر درجنوں گولیوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ سیکرٹ سروس اہلکار “گیٹ ڈاؤن” کی آوازیں لگاتے رہے۔ واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کی چھت اور اطراف میں اسنائپرز تعینات کردیے گئے اور علاقے کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کیش پٹیل نے تصدیق کی ہے کہ ایف بی آئی اور سیکرٹ سروس مشترکہ طور پر واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ممکن ہوا عوام کو مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے وقت صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے تاہم انہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا وائٹ ہاؤس کی جانب سے تاحال واقعے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Related posts

پاکستان کیلئے اربوں ڈالر کی ڈیجیٹل شراکت داریوں کا دروازہ کھل گیا

اسرائیل کے بعد اسپین کی پولیس بھی فلوٹیلا کارکنان پر ٹوٹ پڑی، بدترین تشدد کی ویڈیو وائرل

کرکٹ بدلنے کو تیار، ایک ہی ٹیسٹ میں ریڈ اور پنک بال کے استعمال کی بڑی تجویز سامنے آگئی