جیولرز کے لیے خصوصی ٹیکس طریقۂ کار 2026 پیش، ٹرن اوور بنیاد پر سادہ ٹیکس نظام متعارف.
خصوصی ٹیکس طریقۂ کار سے جیولرز برادری کو ہراسانی اور پیچیدہ ٹیکس نظام سے نجات ملے گی
کراچی: آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے جیولرز کے لیے ’’خصوصی ٹیکس طریقۂ کار 2026‘‘ پیش کرتے ہوئے حکومت اور ایف بی آر سے فوری نفاذ کا مطالبہ کردیا۔
ایسوسی ایشن کے رہنما قاسم شکارپوری نے کہا کہ جیولرز برادری کے لیے آسان، شفاف اور کاروبار دوست ٹیکس نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زرگر، ریٹیلرز، مینوفیکچررز اور بلین ڈیلرز کے لیے الگ الگ فائنل ٹیکس شرح مقرر کی جائے تاکہ ہر شعبے کے کاروباری حجم اور نوعیت کے مطابق ٹیکس نظام نافذ ہوسکے۔
تجویز کردہ خصوصی ٹیکس نظام کے تحت ٹرن اوور کی بنیاد پر سادہ ٹیکس نظام متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ جیولرز کو آسان ریٹرن جمع کرانے کی سہولت اور اضافی ٹیکس کارروائیوں سے تحفظ دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث مالی ویلیو ظاہر کرنا لازمی نہ ہو بلکہ اسٹاک کو وزن کی بنیاد پر ظاہر کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ کاروباری مشکلات میں کمی آسکے۔
قاسم شکارپوری نے کہا کہ خصوصی ٹیکس طریقۂ کار سے جیولرز برادری کو ہراسانی اور پیچیدہ ٹیکس نظام سے نجات ملے گی جبکہ معیشت کو دستاویزی بنانے، ٹیکس نیٹ بڑھانے اور کاروباری اعتماد بحال کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس خصوصی نظام میں ڈیجیٹل اور بینکنگ ادائیگیوں کے فروغ کی تجاویز بھی شامل کی جائیں تاکہ جیولری سیکٹر جدید مالیاتی نظام سے ہم آہنگ ہوسکے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ جیولرز کے لیے مجوزہ خصوصی ٹیکس طریقۂ کار کو جلد از جلد نافذ کیا جائے۔