ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے متعلق کانفرنس، ایران نائب صدر منتخب، امریکا کا سخت ردعمل
ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے واشنگٹن کو شدید تحفظات ہیں اس لیے ایسے ملک کو قیادت کا کردار دینا درست نہیں
اقوام متحدہ میں ایٹمی عدم پھیلاؤ کے عالمی معاہدے کے نفاذ سے متعلق جاری بین الاقوامی کانفرنس میں ایران کو بھی نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے جس کے بعد سفارتی سطح پر تنازع پیدا ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے اس فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے نامناسب قرار دیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے واشنگٹن کو شدید تحفظات ہیں اس لیے ایسے ملک کو قیادت کا کردار دینا درست نہیں۔
اقوام متحدہ میں امریکی نمائندے نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ جو ممالک عدم پھیلاؤ کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں انہیں اس نوعیت کے فورمز پر اہم ذمہ داریاں نہیں دی جانی چاہئیں۔
دوسری جانب ایران نے اپنے انتخاب کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔
ایرانی وفد کا کہنا ہے کہ عالمی معاہدوں کے تحت اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔
کانفرنس میں شریک دیگر ممالک کے مطابق اختلافات کے باوجود مذاکرات کا عمل جاری رہے گا تاہم امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کانفرنس کے ماحول پر اثر ڈال سکتی ہے۔