معروف فٹبالر محمد صلاح ترکیہ پہنچ گئے، ٹربزونسپور کلب کے مداحوں کا شاندار استقبال
ان کا افریقی فٹبال تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے
سابق لیورپول اسٹار اور مصر کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر محمد صلاح نئے کلب سے معاہدہ مکمل کرنے کے لیے ترکیہ پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
34 سالہ محمد صلاح بدھ کو استنبول پہنچے، جہاں سیکڑوں پرجوش مداحوں نے ان کا استقبال کیا۔ ترک کلب ٹربزونسپور نے سوشل میڈیا پر صلاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا “صلاح موڈ: آن”۔
محمد صلاح نے لیورپول کے ساتھ 9 شاندار سال گزارنے کے بعد معاہدہ ختم ہونے پر کلب کو خیرباد کہا، جس دوران انہوں نے متعدد ٹرافیاں جیتیں اور کلب کی تاریخ میں اپنا نام درج کرایا۔
ٹربزونسپور کے مطابق صلاح کا طبی معائنہ استنبول میں ہوگا جس کے بعد وہ ٹربزون روانہ ہوں گے۔ ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری اسٹار کلب کے ساتھ 2 سالہ معاہدہ کریں گے، جس میں مزید ایک سال کی توسیع کا آپشن بھی شامل ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق محمد صلاح کو سالانہ تقریباً 17 ملین یورو معاوضہ ملنے کا امکان ہے۔
ٹربزون پہنچنے پر محمد صلاح نے کہا کہ وہ ٹیم کے ساتھ ٹریننگ شروع کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی جاتے ہیں کامیابی حاصل کرنے یا کچھ جیتنے کی کوشش کرتے ہیں اور امید ہے کہ لیگ اور یورپ میں بھی کامیابیاں حاصل کریں گے۔
لیورپول کے لیے محمد صلاح نے تمام مقابلوں میں 442 میچز میں 257 گولز اسکور کیے، جبکہ وہ کلب کی تاریخ کے تیسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے پریمیئر لیگ میں 193 گولز کیے، جن میں سے 191 لیورپول کی جانب سے تھے، اور وہ لیگ کی تاریخ میں چوتھے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
مصر کے لیے محمد صلاح نے 119 میچز میں 66 گولز کیے ہیں اور انہیں افریقی فٹبال تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔