سفارتی سرگرمیاں تیز، ایرانی وزیر خارجہ کا آج واپس اسلام آباد آنے کا فیصلہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ مسقط سے براہِ راست ماسکو جانے والے تھے
امریکا کے ساتھ جاری اہم مذاکرات کے پس منظر میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنا سفری شیڈول تبدیل کرتے ہوئے آج شام دوبارہ اسلام آباد آنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں نئی تیزی آ گئی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق عباس عراقچی پاکستان پہنچ کر اعلیٰ قیادت سے ایک بار پھر ملاقاتیں کریں گے، جہاں موجودہ علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ مسقط سے براہِ راست ماسکو جانے والے تھے، تاہم انہوں نے روس روانگی سے قبل اسلام آباد کا دوبارہ رخ کرنے کا فیصلہ کیا، جسے سفارتی حلقے غیر معمولی پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عباس عراقچی نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں، جن کے بعد وہ عمان کے دارالحکومت مسقط روانہ ہو گئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعاون اور تعلقات کے فروغ پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔