ترکیہ میں اسکول پر فائرنگ؛ 16 افراد زخمی، حملہ آور جاں بحق
فائرنگ کے نتیجے میں 10 طالب علم، چار اساتذہ اور ایک کینٹین ملازم سمیت ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔
استنبول: ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے شانلی اورفا کے ضلع سیوریک میں واقع ایک ہائی اسکول میں سابق طالب علم نے فائرنگ کرکے 16 افراد کو زخمی کردیا اور بعد ازاں خود کو بھی گولی مارلی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گورنر حسن سلداک نے بتایا کہ 18 سالہ حملہ آور نے شاٹ گن سے اندھا دھند فائرنگ کی، پھر اسکول کی عمارت میں چھپ گیا اور بعد میں اسی ہتھیار سے خودکشی کرلی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 10 طالب علم، چار اساتذہ اور ایک کینٹین ملازم سمیت ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں صدر مقام کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ حملہ آور کا کوئی سابقہ جرائم کا ریکارڈ نہیں تھا اور اسکول کو محفوظ قرار دیا گیا تھا، جہاں کوئی مستقل پولیس اہلکار تعینات بھی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے اسے ایک ’الگ واقعہ‘ بھی قرار دیا۔
ایک طالب علم کے مطابق حملہ آور نے کلاس روم میں داخل ہوتے ہی بغیر کچھ کہے فائرنگ شروع کردی۔ اس نے چار یا پانچ مرتبہ گولیاں چلائیں جس کے بعد دو طالب علم کھڑکی سے کود کر فرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں اسکول میں فائرنگ کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی اور تمام طلبہ کو باہر نکال لیا۔
