فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں دو عالمی طاقتیں فرانس اور اسپین اب سے کچھ دیر بعد سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ایک طرف کیلین ایمباپے کی طوفانی فارم ہے تو دوسری جانب لامین یامال اور اسپین کا شاندار کنٹرولنگ فٹبال، شائقین کی نظریں اس بڑے مقابلے پر جم گئی ہیں۔
فرانس کی نظریں تاریخ پر، تیسری مسلسل ورلڈ کپ فائنل کی دوڑ
دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں یورپی چیمپئن اسپین کے خلاف میدان میں اترے گی۔
فرانس کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے، کیونکہ کامیابی کی صورت میں وہ جرمنی کے بعد ورلڈ کپ کی تاریخ میں لگاتار تین فائنلز کھیلنے والی دوسری یورپی ٹیم بن سکتی ہے۔
فرانس نے 1998 اور 2018 میں ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ 2006 اور 2022 میں فائنل تک پہنچ کر شکست کا سامنا کیا۔
فرانس کا شاندار سفر، گروپ مرحلے سے سیمی فائنل تک ناقابل شکست
فرانس نے گروپ آئی میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تینوں میچز جیتے اور 9 پوائنٹس کے ساتھ گروپ ٹاپ کیا۔
فرانس نے ناروے، سینیگال اور عراق کو شکست دی، جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں:
راؤنڈ آف 32 میں سویڈن کو 3-0 سے شکست دی
پری کوارٹر فائنل میں سخت مقابلے کے بعد پیراگوئے کو 1-0 سے ہرایا
کوارٹر فائنل میں مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی
ایمباپے کا طوفان، گولڈن بوٹ کی دوڑ میں سب سے آگے
فرانس کے کپتان کیلین ایمباپے اس ورلڈ کپ میں شاندار فارم میں ہیں۔
ایمباپے نے صرف 5 میچز میں 8 گول کر کے گولڈن بوٹ کی دوڑ میں سب سے آگے جگہ بنا لی ہے۔
فرانس کے دیگر کھلاڑی بھی بھرپور فارم میں ہیں جن میں اوسیمانے ڈیمبیلے نے 5 گول کیے، بریڈلی بارکولا نے 2 گول کیے جبکہ مائیکل اولیز نے 5 گول اسسٹس فراہم کیے۔
ایمباپے نے کہا ہے کہ موجودہ فرانس ٹیم میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے لیکن ابھی تک انہوں نے کوئی بڑا اعزاز حاصل نہیں کیا انہوں نے مزید کہا کہ 2018 میں وہ عالمی چیمپئن بنے اور 2022 میں رنر اپ رہے، مگر موجودہ ٹیم کا اصل امتحان ابھی باقی ہے۔
اسپین کا مضبوط دفاع، کنٹرولنگ فٹبال سے فائنل کی جانب سفر
دوسری جانب اسپین ایک مختلف انداز کی فٹبال کھیل رہا ہے۔ فرانس جہاں جارحانہ کھیل کے لیے مشہور ہے، وہیں اسپین گیند پر کنٹرول، دفاعی مضبوطی اور حکمت عملی کے لیے جانا جا رہا ہے۔
اسپین کی دفاعی لائن نے اب تک شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور کوارٹر فائنل تک صرف ایک گول کھایا، جو بیلجیم کے خلاف ہوا۔
مڈفیلڈ میں روڈری، پیڈری اور دانی اولمو کی موجودگی اسپین کو کھیل پر گرفت رکھنے میں مدد دے رہی ہے۔
اسپین کا سفر بھی شاندار، فائنل سے ایک قدم دور
اسپین نے گروپ ایچ میں 7 پوائنٹس حاصل کیے اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسپین کا سفر:
سعودی عرب اور یوراگوئے کو شکست
کیپ وردے کے خلاف ڈرا
راؤنڈ آف 32 میں آسٹریا کو 3-0 سے شکست
راؤنڈ آف 16 میں پرتگال کو آخری لمحات کے گول سے 1-0 سے ہرایا
اسپین کے کوچ کا بڑا بیان: یہ فائنل سے پہلے فائنل ہے
اسپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے نے فرانس کے خلاف سیمی فائنل کو انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ فائنل سے پہلے فائنل ہے اور اسپین کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسپین کے کوچ نے یاد دلایا کہ ان کی ٹیم فرانس کو دو سیمی فائنلز میں شکست دے چکی ہے، جن میں یورو 2024 اور 2025 یوئیفا نیشنز لیگ کے سیمی فائنلز شامل ہیں۔
فرانس بمقابلہ اسپین: کس کا پلڑا بھاری؟
اعداد و شمار کے مطابق:
فرانس کے ریگولر ٹائم میں جیتنے کے امکانات: 42.1 فیصد
اسپین کی جیت کے امکانات: 31.8 فیصد
میچ اضافی وقت تک جانے کا امکان: 26.1 فیصد
ماہرین کے مطابق فرانس کا سب سے بڑا ہتھیار اس کا خطرناک اٹیک ہے جبکہ اسپین کی طاقت گیند پر قبضہ اور مضبوط دفاع ہے۔
فاتح کا مقابلہ کس سے ہوگا؟
فرانس اور اسپین کے درمیان سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں انگلینڈ یا ارجنٹائن کا سامنا کرے گی۔
فٹبال شائقین کے لیے یہ مقابلہ صرف ایک سیمی فائنل نہیں بلکہ یورپ کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان وقار، تاریخ اور عالمی تاج کی جنگ ہے۔
