ٹرمپ ایران پر محدود فضائی کارروائیاں شروع کرنے پر غور کررہے ہیں، امریکی میڈیا
امریکی اخبار کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس وسیع پیمانے پر فضائی مہم شروع کرنے کا اختیار موجود ہے
واشنگٹن: امریکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف محدود فضائی کارروائیاں شروع کرنے کے آپشن پر غور کر رہے ہیں جب کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی سے متعلق حکمت عملی بھی زیرِ بحث ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ ممکنہ اقدامات ایسے وقت میں زیر غور آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کسی واضح نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان اقدامات کو ایران پر دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ تعطل کا شکار مذاکرات کو دوبارہ آگے بڑھایا جا سکے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس وسیع پیمانے پر فضائی مہم شروع کرنے کا اختیار بھی موجود ہے تاہم اس آپشن کو فی الحال کم ترجیح دی جارہی ہے کیونکہ اس سے خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
