بغاوت کے بعد ہاکی ٹیم کی مصر میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کی بھرپور ٹریننگ
ایونٹ میں پاکستان کا اہم میچ 4 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ہے
ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں مصر کے شہر اسماعیلیہ میں پاکستان قومی ہاکی ٹیم نے اپنا پہلا ٹریننگ سیشن مکمل کر لیا۔
کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کی نگرانی میں دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سیشن میں حصہ لیا، جس دوران فزیکل فٹنس بہتر بنانے کے لیے مختلف جسمانی مشقیں کی گئیں جبکہ سکل ورک میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنا پہلا میچ یکم مارچ کو چین کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 2 مارچ کو ملائشیا کے مدمقابل آئے گی۔
ایونٹ میں پاکستان کا اہم میچ 4 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ہے، جسے ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔
