موٹرسائیکل کے خواہشمند افراد کے لیے بری خبر؛ قیمتوں میں بڑا اضافہ
پیٹرول اور خام مال کی قیمتوں میں اضافے نے نرخوں کو برقرار رکھنا مشکل بنادیا، یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز
یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور خام مال کی قیمتوں میں اضافے کے باعث موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے 3 اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مہنگائی کے دباؤ کے باوجود قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی کوشش کی گئی لیکن پیٹرول اور خام مال کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے موجودہ نرخوں کو برقرار رکھنا مشکل بنادیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نتیجے میں کمپنی نے متعدد ماڈلز کی قیمتوں میں ترمیم کردی ہے۔ 70 سی سی اور 100 سی سی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 3 ہزار روپے جب کہ 125 سی سی ماڈلز کی قیمتوں میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ نئی قیمتیں 11 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گی اور اس تاریخ کے بعد کی جانے والی تمام نئی بکنگز پر لاگو ہوں گی۔
کمپنی نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی ان پٹ لاگت اور موجودہ مارکیٹ حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
