اسلام آباد: پاکستان اور چین کا خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاک چین چھٹے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ چین کے وزیرخارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کی گئی اور سی پیک سمیت پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیاگیا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے موجود ہے، پاکستان کی سالمیت، علاقائی خود مختاری کے تحفظ کیلئے چین کے عزم کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان آہنی برادرملک ہیں، چین کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینے کےخواہاں ہیں، چین کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، چین اور پاکستان آہنی برادرملک ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ چین کے منتظر ہیں، چینی وزیرخارجہ
دوسری جانب چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کا کہنا تھ کہ وزیراعظم شہبازشریف کےدورہ چین کے منتظرہیں، سی پیک فیزٹوپربھی ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جارہے ہیں، چین پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی تصور کرتا ہے، انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھائیں گے، علاقائی امن واستحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔
وانگ ژی نے مزید کہا کہ پاکستان اورچین کےدرمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف امورپرتفصیلی گفتگوہوئی، پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی شراکت داری مضبوط ہورہی ہے، دونوں ممالک کےدرمیان اعتماد،محبت کارشتہ مزید مضبوط ہورہا ہے۔