دبئی پورٹ: ایرانی ڈرون حملے سے کویتی آئل ٹینکر میں آتشزدگی
آئل ٹینکر پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تیل کا رساؤ اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، امارات
ایران کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے کےنتیجے میں دبئی پورٹ پر موجود ایک کویتی آئل ٹینکر پر آگ بھڑک اٹھی، ٹینکر میں خام تیل بھرا ہوا تھا۔
قطری خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کے بعد اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور واقعے میں تیل کا رساؤ اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کویتی پیٹرولیم کارپوریشن کے مطابق ٹینکر ال سلمی کو ایرانی حملے میں نقصان پہنچا، اور یہ جہاز دو لاکھ بیرل تیل لے کر چین کے شہر چینگ ڈاؤ جا رہا تھا۔ کویتی پیٹرولیم کارپوریشن نے ممکنہ تیل کے رساؤ کے حوالے سے انتباہ بھی جاری کیا تھا۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون حملے کے بعد فوری طور پر ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے آتشزدگی پر قابو پالیا گیا اور کسی بھی شخص کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
علاوہ ازیں، دبئی کی دضاؤں میں شدید گھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جن کے حوالے سے اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرنے کی وجہ سے پیدا ہورہے ہیں۔
حکام نے عوام کو تحفظ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کا دفاعی نظام متحرک ہے اور کامیابی سے ملک کا دفاع کر رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا کہ ملک بھر میں سنے جانے والے دھماکوں کی آوازیں میزائل اور ڈرونز کے خلاف جاری دفاعی کارروائیوں کی وجہ سے ہیں۔
وزارت دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں سنی جانے والی آوازیں میزائل اور یو اے ویز کے خلاف جاری کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔
اسی دوران، سعودی عرب نے بتایا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے 10 ڈرونز اور 8 بیلسٹک میزائلز کو ناکارہ بنایا۔ قطر، کویت اور بحرین نے بھی میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاع دی اور دفاعی کارروائیاں کیں۔