مشرقِ وسطیٰ بحران، فضائی حدود بندش سے ایئرلائنز کو کھربوں روپے کا نقصان
مشرقِ وسطیٰ کے سات ممالک کے ایئرپورٹس سے چار روز کے دوران تقریباً 9 ہزار 500 پروازیں منسوخ کی گئیں
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی منسوخی نے عالمی ایوی ایشن صنعت کو شدید مالی دھچکا پہنچایا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے سات ممالک کے ایئرپورٹس سے چار روز کے دوران تقریباً 9 ہزار 500 پروازیں منسوخ کی گئیں، جس کے نتیجے میں ایئرلائنز کو اب تک اندازاً دو کھرب 15 ارب روپے سے زائد ریونیو نقصان ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی پائلٹس یا ذہنی مریض؟ بھارتی ایوی ایشن میں مجرمانہ غفلت کا انکشاف
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 600 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ گزشتہ چار دن میں صرف پاکستان کے بین الاقوامی ایئرپورٹس سے پروازوں کی منسوخی کے باعث ایئرلائنز کو تقریباً 10 ارب روپے کا ریونیو نقصان برداشت کرنا پڑا۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق اگر مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال مزید سنگین رہی اور فضائی آپریشن جلد بحال نہ ہو سکا تو ایئرلائنز کا کاروبار بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو ریفنڈز کی ادائیگی، متبادل رہائش اور دیگر انتظامات کے اضافی اخراجات بھی ایئرلائنز کے لیے بھاری مالی بوجھ بن رہے ہیں، جس سے نقصانات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
