ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر آئی سی سی متحرک
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا پُرامن اور محفوظ اختتام یقینی بنایا جائے گا، آئی سی سی
آئی سی سی نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے پیشِ نظر ہنگامی منصوبے فعال کردیے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں شیڈول کے مطابق جاری ہے جب کہ ایونٹ کی کارروائی براہِ راست متاثر نہیں ہورہی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور براڈکاسٹ ٹیموں کی محفوظ واپسی یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ دبئی ایئرپورٹ سمیت خلیجی ٹرانزٹ روٹس استعمال کرنے والے افراد کے لئے متبادل سفری راستوں کی تیاری کررہے ہیں جب کہ آئی سی سی ٹریول اینڈ لاجسٹکس ٹیم مختلف بین الاقوامی ایئرلائنز سے رابطے میں ہیں۔
آئی سی سی نے بتایا کہ یورپ، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے ذریعے متبادل فلائٹ آپشنز پر غور کیا جارہا ہے اور آئی سی سی کے سیکیورٹی کنسلٹنٹس متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
آئی سی سی نے مزید کہا کہ صورتحال کے مطابق ریئل ٹائم سفری ہدایات جاری کی جائیں گی جب کہ شائقینِ کرکٹ سے سفری ہدایات پر عمل اور بین الاقوامی سفر سے قبل حالات کا جائزہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
آئی سی سی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا پُرامن اور محفوظ اختتام یقینی بنایا جائے گا۔
