سندھ میں تیل و گیس کا نیا کنواں دریافت
کنویں سے یومیہ 9.70 ملین معکب فٹ گیس اور 580 بیرل یومیہ کنڈینسیٹ کی پیداوار حاصل ہوئی
او جی ڈی سی نے سندھ کے ضلع ٹنڈو الہٰ یار میں تیل اور گیس کا ایک اور کامیاب کنواں، درس ویسٹ-3، دریافت کر لیا ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق ابتدائی ٹیسٹ کے دوران کنویں سے یومیہ 9.70 ملین معکب فٹ گیس اور 580 بیرل یومیہ کنڈینسیٹ کی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔
تیل و گیس کی یہ پیداوار لوئر گورو فارمیشن کے سی سینڈ سے حاصل ہوئی، جسے بعد میں پلانٹ میں پروسیس کر کے ایس ایس جی سی ایل کے نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔
او جی ڈی سی کی اس دریافت سے مقامی اور قومی سطح پر توانائی کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے، اور کمپنی کی مسلسل کامیابیاں پاکستان کی توانائی کی خود کفالت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ترجمان او جی ڈی سی نے بتایا کہ ادارہ آئندہ بھی توانائی کے نئے وسائل تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور تحقیقاتی طریقہ کار استعمال کیے جا رہے ہیں۔
