اسپین کے شہر لا لائنیا دی لا کونسیپسیون میں ہونے والا دوستانہ فٹبال میچ اُس وقت بدنظمی کا شکار ہو گیا جب ریال بیٹس اور اٹلی کے کلب کومو کے کھلاڑی میدان میں ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔
پہلے ہاف کے اختتام پر دو سخت ٹیکلز نے ماحول کو گرما دیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آ گئے اور میدان میں شدید جھڑپ شروع ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق بیٹس کے گول کیپر الوارو ویلیس کی جانب سے ایک کومو کھلاڑی کو دھکا دینے سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔ ہنگامہ اس قدر شدید تھا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹیموں کے کوچز اور اسٹاف کو بھی بیچ بچاؤ کے لیے مداخلت کرنا پڑی۔
مزید پڑھیں: جرمن فٹبال کلب نے اسرائیلی اسٹرائیکر کا معاہدہ غزہ تنازع پر منسوخ کر دیا
جھڑپ کے دوران پابل فورنالس اور ماکسیمو پیرو نے ایک دوسرے پر ہاتھ اٹھایا، جبکہ کومو کے فارورڈ کوچو ہرنانڈیز کی ایک ضرب غلطی سے اپنے ہی ساتھی کے چہرے پر لگی۔
ابتدائی طور پر ریفری نے بیٹس کے ہیکٹر بیلرین کو ریڈ کارڈ دکھایا، تاہم بعد میں اصل واقعہ سامنے آنے پر پابل فورنالس کو میچ سے باہر کر دیا گیا۔
ہنگامہ آرائی کے باوجود میچ مکمل ہوا، جس میں کومو نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے فتح حاصل کی۔
ریال بیٹس نے دوسرے ہاف میں زبردست واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کیا، تاہم اسٹاپیج ٹائم میں ایوان آزون کے فیصلہ کن گول نے اٹالین کلب کو جیت دلا دی۔
واقعے نے اس بات پر سوال اٹھا دیے ہیں کہ دوستانہ میچز میں کھلاڑیوں کا جارحانہ رویہ کب تک برداشت کیا جائے گا۔
فٹبال حلقوں میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس جھڑپ پر دونوں ٹیموں کو تادیبی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔