پاکستان ہاکی میں ہلچل، عماد شکیل بٹ پر دو سال پابندی، طارق بگٹی مستعفی
پرو ہاکی لیگ کے فنڈز اسپورٹس بورڈ کے پاس تھے اور متعدد رابطوں کے باوجود ادائیگیاں تاخیر کا شکار رہیں
پاکستان ہاکی میں بڑے انتظامی فیصلے سامنے آئے ہیں جہاں قومی ٹیم کے کپتان پر پابندی اور فیڈریشن قیادت میں تبدیلی کی پیش رفت ہوئی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
فیڈریشن صدر طارق بگٹی نے پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داری کے تعین کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
طارق بگٹی نے پریس کانفرنس میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ انہوں نے ٹیم کی بہتری کیلئے بھرپور کوشش کی جس کے باعث قومی ٹیم عالمی درجہ بندی میں اٹھارہویں سے تیرہویں نمبر پر آئی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا ہاکی ٹیم مینجمنٹ کو فارغ کرنے کا فیصلہ
انہوں نے ہاکی کے فروغ کیلئے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، وزیر اعظم شہباز شریف اور بلوچستان حکومت خصوصاً سرفراز بگٹی کے تعاون کو سراہا۔
فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کے ساتھ مل کر انہوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے بعض حکام کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ فنڈز کے معاملات میں تاخیر سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر پابندی عائد کرکے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
براہ راست دیکھیں:https://t.co/9L0KYq1jYr
#PakistanHockeyFederation #BreakingNews #BOLNews pic.twitter.com/k4t2jRrJLu— BOL Network (@BOLNETWORK) February 19, 2026
ان کے مطابق بروقت فنڈز نہ ملنے سے بیرون ملک دوروں کے انتظامات متاثر ہوئے، حالانکہ ٹیم نے ارجنٹائن اور آسٹریلیا میں میچز کھیلنے تھے۔
طارق بگٹی نے مزید کہا کہ پرو ہاکی لیگ کے فنڈز اسپورٹس بورڈ کے پاس تھے اور متعدد رابطوں کے باوجود ادائیگیاں تاخیر کا شکار رہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں سیاسی سطح پر بھی رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کے ماتحت حکام کو آگاہ کرنے کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کے واجبات باقی ہوں تو وہ براہ راست ان سے رابطہ کرے، جبکہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کیلئے 24 فروری کو روانہ ہوگی اور اس کے اخراجات فیڈریشن برداشت کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے بعض معاملات کے بھارتی میڈیا تک پہنچنے پر تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
ادھر ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن پر ایڈہاک کمیٹی بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا۔
