ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: زمبابوے نے آسٹریلیا کے بعد سری لنکا کو بھی شکست دے دی
اس فتح کے ساتھ زمبابوے کی ٹیم گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سرفہرست ہے۔
کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 38 ویں میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ بی کے اہم مقابلے میں زمبابوے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس سے قبل زمبابوے آسٹریلیا کو بھی ہراچکا ہے جس کے بعد ٹیم نے ایونٹ میں اپنی مضبوط پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔
میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ پتھم نسانکا 62 اور راتھ نائیکے 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جواب میں زمبابوے نے 179 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ زمبابوے کی جانب سے برائن بینت 63 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے۔
علاوہ ازیں مارومانی 34، کپتان سکندر رضا 45 اور ریان برل نے 23 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس فتح کے ساتھ زمبابوے کی ٹیم گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آگئی ہے اور اگلے مرحلے کے لیے مضبوط امیدوار بن کر ابھری ہے۔
