اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نجکاری، اے ڈی بی سے براہِ راست مذاکرات کی منظوری
ایئرپورٹ آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے کنسیشن ماڈل اختیار کرنے کی تجویز زیر غور ہے
حکومتِ پاکستان نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مالیاتی مشیر کی تقرری کے لیے باقاعدہ اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک خصوصی مذاکراتی کمیٹی قائم کی جائے گی جو ایشین ڈیویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) سے فنانشل ایڈوائزری سروسز کے معاہدے پر بات چیت کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق ایئرپورٹ کی نجکاری کے لیے اے ڈی بی کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے کنسیشن ماڈل اختیار کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت نجی شعبہ آپریشنز سنبھالے گا جبکہ ملکیت حکومت کے پاس رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایئرپورٹ کی کارکردگی بہتر بنانا، سروس کے معیار کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کا عمل مکمل طور پر شفاف، مسابقتی اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوگا تاکہ قومی خزانے کے لیے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کیا جا سکے اور عوامی مفاد کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں مالی سال 2024-25 کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نجکاری کے تمام مراحل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیے جائیں گے تاکہ ریاست کو بہترین ویلیو حاصل ہو سکے۔
