ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری
صاحبزادہ فرحان 100 اور شاداب خان 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے
کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان اور نمیبیا کی ٹیموں کے درمیان گروپ اے کا میچ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلا جارہا ہے جس میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
صاحبزادہ فرحان کی دھواں دھار اننگز کی بدولت پاکستان نے نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں نمیبیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
نمیبیا نے 11 اوورز کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز اسکور کرلیے ہیں جب کہ اسے جیت کے لیے 9 اوورز میں 128 رنز درکار ہیں۔
فرائیلنک 9، لافٹی ایٹون 5، اسٹینکیمپ 23 اور کپتان جرہارڈ ایراسمس 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 100 اور شاداب خان 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نمیبیا کی جانب سے جیک براسل نے 2 اور جرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ یہ صاحبزادہ فرحان کی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی سنچری ہے جس کے بعد وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
