آن لائن بھیک مانگنے والے ہو جائیں ہوشیار، دبئی پولیس نے بھاری جرمانے کا اعلان کر دیا
زکوٰۃ، صدقات اور عطیات صرف حکومت سے منظور شدہ فلاحی اداروں کے ذریعے ہی ادا کریں
دبئی پولیس نے رمضان المبارک کے دوران سوشل میڈیا پر جعلی چندہ مہمات اور آن لائن بھیک مانگنے کے بڑھتے رجحان پر سخت نوٹس لیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملوث افراد کو قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حکام کے مطابق کچھ پیشہ ور گداگر اور دھوکے باز عناصر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس کے ذریعے شہریوں کے مذہبی جذبات اور سخاوت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
رمضان میں خیرات اور زکوٰۃ کی ادائیگی کے بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے ایسے عناصر سرگرم ہو جاتے ہیں اور جعلی اپیلوں کے ذریعے رقم بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ آن لائن بھیک مانگنے یا غیر قانونی چندہ مہم چلانے والوں کو تین ماہ تک قید اور 10 ہزار درہم تک جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے فراڈ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں اور رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زکوٰۃ، صدقات اور عطیات صرف حکومت سے منظور شدہ فلاحی اداروں کے ذریعے ہی ادا کریں اور کسی بھی مشتبہ لنک، پیغام یا ویب سائٹ پر موجود اپیل کو نظر انداز کریں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کسی آن لائن گداگری یا مشکوک چندہ مہم کی اطلاع ملے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ دھوکہ دہی کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے اور ضرورت مند افراد تک امداد محفوظ اور شفاف طریقے سے پہنچ سکے۔
