یووراج سمرا کی سنچری رائیگاں، نیوزی لینڈ، کینیڈا کو ہرا کر سپر ایٹ میں داخل
کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے، نیوزی لینڈ ہدف 15.1 اوورز میں حاصل کرلیا
نیوزی لینڈ نے گروپ مرحلے کے 31 ویں میچ میں کینیڈا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپرایٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
پہلے کھیلتے ہوئے کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 174 رنز کا ہدف دیاجو نیوزی لینڈ نے آسانی کے ساتھ 15.1 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔
کینیڈا کی شکست اور نیوزی لینڈ کی فتح کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے کی چھٹی ٹیم بھی فائنل ہوگئی ہے اور اب صرف دو مزید ٹیموں کے نام فائنل ہونا باقی رہ گئے ہیں۔ جن میں سے ایک ٹیم کا فیصلہ آج متوقع ہے، جبکہ دوسری ٹیم کل فائنل ہوجائے گی۔
بھارت کے چنائی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا کے اسٹار بیٹر یووراج سمرا نے 65 گیندوں پر 110 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو رائیگاں گئی، انھوں نے 54 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کرکے حالیہ ورلڈ کپ کی دوسری سنچری اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا، تاہم ان کی یہ کارکردگی ان کی ٹیم کے کسی کام نہ آسکی۔
یووراج سمرا کے علاوہ دلپریت باجوہ 36 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا نے 59 اور گلین فلپس نے 76 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کی۔
