کرکٹ کا عظیم ستارہ، دنیا کے بہترین آل راؤنڈر سر گیری سوبرز دنیا سے رخصت ہو گئے
کرکٹ کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں 1975 میں انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے نائٹ ہڈ کا اعزاز دیا گی
کرکٹ کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ آل راؤنڈر سر گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں چل بسے۔ ان کی موت کی خبر نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو سوگوار کردیا۔
سر گیری سوبرز کو کرکٹ تاریخ کا سب سے مکمل آل راؤنڈر قرار دیا جاتا تھا جنہوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں نام کمایا۔
سر گیری سوبرز کا نام ہمیشہ 1968 کے اس تاریخی کارنامے کے ساتھ جڑا رہے گا جب انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور کی مسلسل چھ گیندوں پر چھ چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ کارنامہ انہوں نے سوانسی کے سینٹ ہیلن گراؤنڈ میں گلیمورگن کے خلاف انجام دیا تھا۔
آسٹریلیا کے عظیم کپتان اور معروف کمنٹیٹر رچی بینو نے سر گیری سوبرز کو دنیا کا سب سے عظیم آل راؤنڈ کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ شاندار بلے باز، بہترین فیلڈر اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل باؤلر تھے۔
سر گیری سوبرز نے صرف 16 برس کی عمر میں 1953 میں بارباڈوس کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا جبکہ اگلے ہی سال ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کرلیا۔
1958 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سوبرز نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی اور ناقابل شکست 365 رنز اسکور کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ یہ ریکارڈ 1994 میں برائن لارا نے توڑا۔
سر گیری سوبرز نے 1974 میں 38 برس کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے ویسٹ انڈیز کو کئی یادگار کامیابیاں دلائیں۔
انہوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں 8 ہزار 32 رنز بنائے اور 235 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا ٹیسٹ بیٹنگ اوسط 57.78 رہا جو 5 ہزار سے زائد رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں دنیا کے بہترین اوسط میں شمار ہوتا ہے۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی سر گیری سوبرز کا ریکارڈ شاندار رہا انہوں نے 383 میچز میں 28 ہزار سے زائد رنز بنائے اور 1000 سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے جنوبی آسٹریلیا اور اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی بھی کی۔
کرکٹ کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں 1975 میں انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے نائٹ ہڈ کا اعزاز دیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہر سال بہترین مرد کرکٹر کو دیا جانے والا ایوارڈ سر گیری سوبرز ٹرافی کے نام سے منسوب کرتی ہے جو ان کے عظیم مقام کا اعتراف ہے۔
