پاک بھارت میچ سے قبل کولمبو اسٹیڈیم میں 4 فٹ لمبا سانپ گھس آیا
گراؤنڈ اسٹاف نے سانپ پر قابو پاکر وائلڈ لائف حکام کے حوالے کردیا
کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج میچ سے قبل کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں ایک 4 فٹ لمبا سانپ دیکھنے کو ملا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعے کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران سانپ اسٹیڈیم میں نمودار ہوا، جس پر فوراً گراؤنڈ اسٹاف نے اسے قابو پا کر وائلڈ لائف حکام کے حوالے کردیا۔
یہ واقعہ میچ کی شروعات سے دو روز قبل پیش آیا اور اس سے شائقین یا کھلاڑیوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
واضح رہے کہ کرکٹ شائقین کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج کچھ ہی گھنٹوں میں کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی، ہائی وولٹیج مقابلہ شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
