فیفا نے اپنی تجوری کے منہ کھول دیے، ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ اربوں کا انعام بھی منتظر
2022 کے ورلڈ کپ میں چیمپئن ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملے تھے
فٹبال کے سب سے بڑے عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں صرف ٹرافی ہی نہیں بلکہ کروڑوں ڈالر کی انعامی رقم بھی ٹیموں کی منتظر ہے۔ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والا یہ میگا ایونٹ مالی اعتبار سے بھی ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ بننے جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا نے 2026 ورلڈ کپ کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کیا ہے، جو 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو عالمی چیمپئن بننے کے اعزاز کے ساتھ 5 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم بھی ملے گی، جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم یعنی رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو بھی بڑا مالی فائدہ ہوگا۔ تیسرے نمبر پر آنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملیں گے، جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی فرانس کی ٹیم 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی حقدار ہوگی۔
کوارٹر فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں کے لیے بھی انعامی رقم کم نہیں ہوگی۔ ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ جیسی ٹیموں کو فی ٹیم 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
فیفا کے مطابق 9ویں سے 16ویں نمبر تک آنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، جبکہ 17ویں سے 32ویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں 33ویں سے 48ویں نمبر تک آنے والی ٹیموں کو بھی 90 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ورلڈ کپ میں شریک ہر ٹیم کو تیاریوں کے اخراجات کے لیے 15 لاکھ ڈالر اضافی فراہم کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 2022 کے ورلڈ کپ میں چیمپئن ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ 2018 میں عالمی فاتح فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر انعامی رقم ملی تھی۔
2026 ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر کی رقم اب تک کی سب سے بڑی ورلڈ کپ انعامی رقم ہے، جو فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اس کھیل کی عالمی آمدنی میں اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
