پاک بھارت مقابلہ؛ ’’ہم تیار ہیں‘‘ قومی ٹیم کے کپتان جیت کے لیے پرعزم
بابر رنز کررہے ہیں، ہمارے لیے کوئی پریشانی کی بات نہیں،سلمان علی آغا
کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ کل بڑے لیول کا میچ ہونے جارہا ہے، ہم تیار ہیں اور کوشش ہوگی اچھا پرفارم کریں۔
کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ کل ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی، ہم یہاں ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہوکر آئے تھے، کوشش ہوگی کہ اچھا پرفارم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر ہی پلیئنگ الیون کا فیصلہ کیا جائے گا، بھارت کے خلاف میچ میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا اور ٹیم نے اس حوالے سے مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
بارش کے امکان سے متعلق سوال پر کپتان نے کہا کہ بارش ہمارے اختیار میں نہیں تاہم اگر اوورز کم ہوئے تو اس کے لیے بھی حکمت عملی تیار ہے۔
کپتان نے نوجوان اسپنر عثمان طارق کے حوالے سے کہا کہ ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں باتیں ہوتی رہی ہیں، حالانکہ وہ دو بار کلیئر ہوچکے ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ دوبارہ یہ معاملہ کیوں اٹھایا جارہا ہے۔ ہمارے لیے سب کھلاڑی ایک جیسے ہیں اور ہر کوئی ٹیم کے لیے اہم ہے۔
سلمان علی آغا نے بابر اعظم کی فارم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر رنز کررہے ہیں، ہمارے لیے کوئی پریشانی کی بات نہیں، امید ہے وہ کل بھی رنز بنائیں گے۔
انہوں نے بھارتی کھلاڑی ابھیشک شرما کے حوالے سے کہا کہ امید ہے ان کی ریکوری اچھی ہورہی ہوگی اور وہ اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ کپتانی اضافی ذمہ داری ہوتی ہے اور دباؤ بھی ہوتا ہے تاہم وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں اور ٹیم کو بہترین نتائج دلانے کی کوشش کریں گے۔
