جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا سندھ ہائی کورٹ سے متعلق اہم اجلاس
اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کی کارکردگی اور عدالتی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کراچی: جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا سندھ ہائی کورٹ سے متعلق اہم اجلاس سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہوا۔
اجلاس سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوا جس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان نے بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کی۔
اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق سے متعلق غور و خوض کیا گیا۔ آئینی بینچز کی تشکیلِ نو اور ان کی مدت میں توسیع سے متعلق سفارشات بھی اجلاس میں زیر بحث لائی گئیں۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کی کارکردگی اور عدالتی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات آئینی تقاضوں کے مطابق مرتب کی جائیں گی جب کہ وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بھی جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی۔
ضیاء الحسن لنجار نے سندھ ہائی کورٹ سے متعلق امور پر اپنا مؤقف پیش کیا اور کہا کہ عدالتی استحکام اور بروقت انصاف کی فراہمی فی زمانہ اشد ضروری ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے سندھ میں مؤثر عدالتی نظام کے لیے جوڈیشل کمیشن کے کردار کو سراہا۔
