فیفا اجلاس، فلسطینی عہدیدار کا اسرائیلی نمائندے سے ہاتھ ملانے سے صاف انکار، ویڈیو وائرل
وہ ایسے شخص سے ہاتھ نہیں ملا سکتے، جس کے خلاف ان کے شدید تحفظات ہیں، صدر جبریل رجوب
فیفا کانگریس کے دوران ایک ایسا لمحہ سامنے آیا جس نے عالمی فٹبال اسٹیج پر سیاسی کشیدگی کو نمایاں کر دیا۔ فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر جبریل رجوب نے اسرائیلی نمائندے کے ساتھ نہ صرف تصویر بنوانے سے انکار کیا بلکہ ہاتھ ملانے سے بھی صاف انکار کر دیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے دونوں فریقین کو اسٹیج پر اپنے ساتھ آنے کی دعوت دی۔ اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر باسم شیخ سلیمان پہلے ہی موجود تھے، تاہم جب رجوب کو بلایا گیا تو انہوں نے واضح طور پر اسٹیج شیئر کرنے سے گریز کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فیفا صدر نے رجوب کو قریب لانے کی کوشش بھی کی، یہاں تک کہ بازو سے اشارہ کر کے آمادہ کرنا چاہا، مگر وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے اور پیچھے ہٹ گئے۔
PFA President, Mr Jibril Rajoub refuses to shake hands with the Israeli Football Association representative despite FIFA President’s insistence.
الفريق جبريل الرجوب يرفض مصافحة ممثل الاتحاد الإسرائيلي رغم إلحاح رئيس الفيفا..
من حقنا أن نمارس كرة القدم بكل حرية كما كل شعوب… pic.twitter.com/uAWd41IPkY
— Palestine Football Association (@Palestine_fa) April 30, 2026
بعد ازاں فلسطینی فٹبال فیڈریشن کی نائب صدر سوزن شلبی نے بتایا کہ رجوب نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ ایسے شخص سے ہاتھ نہیں ملا سکتے، جس کے خلاف ان کے شدید تحفظات ہیں۔
اس واقعے کے بعد اپنے خطاب میں انفینٹینو نے دونوں اطراف کو مل کر آگے بڑھنے اور تعاون کرنے کا مشورہ دیا، تاہم فلسطینی حکام نے اس عمل کو غیر مناسب قرار دیا۔ شلبی کے مطابق رجوب کی تقریر کا مقصد قوانین اور انصاف پر بات کرنا تھا، جسے پس منظر میں دھکیل دیا گیا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں فلسطینی فٹبال فیڈریشن نے کھیلوں کی ثالثی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی کلبز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے، جس کے باعث دونوں فریقین کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کر چکا ہے۔
