نماز بھی پڑھی ہے یا نہیں؟ رجب بٹ کی زنجیر زنی پر مبنی ویڈیو پر صارفین کی تنقید
یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئے ہیں۔
لاہور: معروف ڈیجیٹل کانٹینٹ کریٹر اور یوٹیوبر رجب بٹ کو زنجیر زنی پر مبنی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران زنجیر زنی سے متعلق ان کی ایک ویڈیو مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کررہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
ویڈیو میں رجب بٹ اپنے اہل خانہ کو دوستوں کے ہمراہ زنجیر زنی میں شرکت کے بارے میں آگاہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے اس عمل کی مختلف جھلکیاں بھی ریکارڈ کیں جنہیں اپنی ویڈیو کا حصہ بنایا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تنقید کی ہے۔
بعض افراد کا کہنا تھا کہ رجب بٹ ہر معاملے کو مواد بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں جب کہ کچھ صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ توجہ حاصل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
ایک صارف نے لکھا ’’نماز بھی پڑھی ہے یا نہیں؟‘‘، ایک اور صارف کا کہنا تھا ’’اپنی جان پر ظلم کرنا سب سے بڑا گناہ ہے‘‘۔


طلحہ خان کہتے ہیں ’’کون سی مسجد میں جنازہ ہے رجب کا‘‘ جب کہ اے بی غفور نے کہا ’’پستول کے زمانے میں کون زنجیر زنی کرتا ہے‘‘۔


ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا ’’وی لاگ مس نہ ہوجائے‘‘ جب کہ ایک صارف نے تو خود کے سنی ہونے پر فخر محسوس کیا۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث جاری ہے، جہاں ایک طرف بعض صارفین رجب بٹ کے طرزِ عمل پر تنقید کررہے ہیں تو دوسری جانب ان کے حامی اسے ان کا ذاتی مذہبی اظہار قرار دے رہے ہیں۔
