وینزویلا کی فوج نے ڈیلسی روڈریگیز کو عبوری صدر تسلیم کر لیا
مادورو ہی وینزویلا کے آئینی صدر ہیں اور انہیں اغوا کیا گیا ہے، ڈیلسی روڈریگیز کا قوم سے خطاب
کراکس: وینزویلا کی فوج نے ڈیلسی روڈریگیز کو عبوری صدر تسلیم کرتے ہوئے آپریشنل تیاریوں کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا میں فوجی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ فوج نے قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے آپریشنل تیاریوں کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وینزویلا کی فوج نے ڈیلسی روڈریگیز کو عبوری صدر تسلیم کر لیا ہے، جنہوں نے باضابطہ طور پر عہدہ سنبھال لیا ہے۔
عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے صدر نکولس مادورو سے وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادورو ہی وینزویلا کے آئینی صدر ہیں اور انہیں اغوا کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: وینزویلا، عدالتی حکم پر ڈیلسی روڈریگز کا اقتدار سنبھالنے کا اعلان، امریکا کو کھلا چیلنج
قوم سے خطاب میں ڈیلسی روڈریگیز کا کہنا تھا کہ تاریخ اس اقدام کے ذمہ داروں کا احتساب کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وینزویلا اپنے دفاع، خودمختاری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بیرونی قبضے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
عبوری صدر نے کہا کہ وینزویلا کسی کی کالونی نہیں بنے گا، ملک اپنے دفاع اور وسائل کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ملکی دفاع کے لیے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
دوسری جانب وینزویلا کے وزیر دفاع نے امریکی اقدام کو عالمی امن اور بین الاقوامی قانون کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج جو ہمارے ساتھ ہوا، کل کسی بھی ملک کے ساتھ ہو سکتا ہے۔
