ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدر آباد نے میٹرک سائنس گروپ کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیا۔
ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق 75 ہزار 683 طلبا و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی، جبکہ میٹرک امتحانات میں کامیاب کا تناسب 92.5 فیصد رہا۔
نتائج کے مطابق میٹرک امتحانات میں تینوں پوزیشنز پر طالبات نے میدان مار لیا، جبکہ ارم روشن علی نے پہلی، انایا عمران نے دوسری اور پریتہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد؛ ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی حیدرآباد سے جامشورو منتقلی کا فیصلہ
میٹرک امتحانات میں 8760 طلبہ و طالبات نے اے ون گریڈ حاصل کیا، جبکہ گذشتہ سال میٹرک میں چودہ ہزار طلبہ و طالبات نے اے ون گریڈ حاصل کیا تھا، اس کے علاوہ 5620 طالب علم میٹرک امتحانات میں فیل ہوگئے۔
چیئرمین بورڈ شجاع احمد کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام کو شفاف بنانے کیلئے اس کو جدید سسٹم سے منسلک کررہے ہیں، امتحانات میں افرادی مداخلت کم ہونے سے زیادہ شفافیت آئے گی۔
، چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے نقل و سفارش کلچر کا خاتمہ ہو، ہم نے اس سال مقررہ وقت پر نتائج کا اعلان کیا جو بڑی کامیابی ہے۔