جنرل ساحر شمشاد مرزا کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا الوداعی دورہ، پاک فضائیہ کی خدمات کو سراہا

جنرل ساحر شمشاد مرزا کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا الوداعی دورہ، پاک فضائیہ کی خدمات کو سراہا

دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے الوداعی دورے کے سلسلے میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر چیف نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی مثالی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلح افواج میں باہمی ہم آہنگی، رابطہ کاری اور مشترکہ آپریشنل حکمتِ عملی کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ دہشت گردی کے خاتمے اور قومی امن کے لیے مسلح افواج کے ساتھ مل کر اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل ساحر شمشاد کی قائدانہ رہنمائی نے قومی دفاع کے مجموعی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا۔

دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی، اپ گریڈیشن اور جدت طرازی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ وطنِ عزیز کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہی ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں پی اے ایف کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔

الوداعی دورے کا اختتام ایئر چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کے درمیان باہمی تعاون اور مستقبل میں مسلح افواج کے اشتراکِ عمل کے عزم کی تجدید پر ہوا۔

Related posts

اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم میں ریکارڈ اضافہ

بچوں کے بگاڑ کا ذمہ دار یوٹیوبرز کو قرار دینے پر ڈکی بھائی نے کیا کہا؟

اہرامِ مصر کے سائے میں ہانیہ عامر کا منفرد انداز؛ تصاویر وائرل