اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم میں ریکارڈ اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی معیشت کے استحکام میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں پاکستان کو 3.6 ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ جون 2026 کے مقابلے میں بھی ترسیلات زر میں 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں جہاں سے پاکستانیوں نے 913.9 ملین ڈالر وطن بھیجے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 737.3 ملین ڈالر، برطانیہ سے 555.5 ملین ڈالر جبکہ امریکا سے 317.2 ملین ڈالر کی ترسیلات زر آئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کا اہم ستون ہیں جو مسلسل محنت کے ذریعے قومی معاشی استحکام میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ ملک کی معاشی ترقی اور استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی معاشی دھارے کا قیمتی حصہ ہیں اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔