کراچی؛ کے الیکٹرک کا مسلسل بریک ڈاؤن، 884 ملین گیلن پانی ضائع
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نومبر میں بجلی کی بندش کے باعث شہر کو 884 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوا۔
کراچی واٹر اینڈ سیورج کارپوریشن نے نومبر کے مہینے کے پانی کی فراہمی میں کمی کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ شہر کے اہم پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بار بار بند ہونے کی وجہ سے پانی کی فراہمی میں شدید کمی آئی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نومبر میں بجلی کی بندش کے باعث شہر کو 884 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دھابیجی میں 132 گھنٹے 20 منٹ کی بجلی معطلی کے نتیجے میں 424 ملین گیلن پانی کی کمی ہوئی، اس کے علاوہ ڈملوٹی میں 146 گھنٹے کی بجلی معطلی سے 111 ملین گیلن، اور نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن میں 335 ملین گیلن پانی کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
اسی طرح حب اور پپری پمپنگ اسٹیشنز میں 6-6 ملین گیلن پانی اور گھارو پمپنگ اسٹیشن میں 2 ملین گیلن پانی کی کمی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک کا دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ایک بار پھر بریک ڈاؤن، شہر قائد میں پانی کی فراہمی شدید متاثر
ترجمان کا کہنا ہے کہ نومبر میں مسلسل بجلی کی بندش کے باعث مرکزی پمپنگ اسٹیشنز پر آپریشن کئی گھنٹوں تک رکے رہے، مرکزی پمپنگ اسٹیشنز کے لیے مستقل، مستحکم اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان کے مطابق بار بار کیبل فالٹس کی وجہ سے پمپنگ مشینری کو پہنچنے والے نقصانات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، مرکزی پمپنگ اسٹیشنز میں متبادل فیڈرز، اسٹینڈ بائی کیبلز اور تکنیکی اپ گریڈیشن کے اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان نے کہا کہ واٹر کارپوریشن شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کے لیے کے الیکٹرک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بحالی کے بعد شہر بھر میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر معمول پر آگئی، پانی کی فراہمی کے نظام میں مزید بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
