گڈانی کے ساحل پر 12ویں حب ریلی کراس 2025 کا شاندار میلہ سج گیا، جہاں ملک بھر سے آئے نامور آف روڈ ریسرز نے اپنی مہارت اور جرات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ابھرتے ہوئے نوجوان ریسر جیئند ہوت نے ایک بار پھر بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی اور اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔
انہوں نے پری پیئرڈ اے کیٹیگری میں 50 کلومیٹر کا کٹھن ٹریک صرف 30 منٹ 26 سیکنڈز میں مکمل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ رضا سعید دوسرے اور تیمور خواجہ تیسرے نمبر پر رہے۔
مزید پڑھیں: بولڈ ڈریسنگ میں ’ریا چکروتی‘ نے دئیے ایسے پوز کہ سب دیکھتے رہ گئے
دیگر کیٹیگریز میں بھی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پری پیئرڈ بی میں زرین مگسی، سی میں بہواگ مزاری اور ڈی میں شکیل برچونڈی فاتح رہے۔ اسٹاک کیٹیگری میں حمل ہوتھ (اے)، عزمری سرانجام (بی)، علی لغاری (سی) اور عثمان ہراج (ڈی) نے کامیابیاں سمیٹیں۔
ویمن کیٹیگری میں معروف خاتون ڈرائیور دینا پٹیل نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مقررہ فاصلہ 26 منٹ 0.8 سیکنڈز میں طے کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ویمن اسٹاک میں ماروی عامر اور ویٹرنز کیٹیگری میں میر عامر مگسی فاتح قرار پائے۔
موٹر بائیک مقابلوں میں بھی دلچسپ ریسز دیکھنے کو ملیں، جہاں 250 سی سی میں عبدالہادی خان اور 450 سی سی میں ضیغم چوہان نے کامیابی حاصل کی۔ ٹرک کیٹیگری میں مورچہ خیل فاتح رہے۔
اس سال کے ایونٹ میں مجموعی طور پر 14 کیٹیگریز کے مقابلے کرائے گئے جبکہ پہلی بار الیکٹرک کیٹیگری بھی شامل کی گئی، جس نے شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا۔
حب ریلی کراس ایک بار پھر ریسنگ کے دیوانوں کو جرات، رفتار اور مہارت کا ناقابل فراموش تجربہ دے کر اختتام پذیر ہوئی، جس میں ریسرز نے پرخطر راستوں اور خطرناک موڑوں پر اپنی مہارت کے جوہر دکھائے۔