وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وہی دہشتگرد تھے جو دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملے میں ملوث تھے اور جنہوں نے معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچایا۔
حالیہ آپریشن کے دوران ان دہشتگردوں کو کامیابی سے انجام تک پہنچایا گیا، جو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز اور پاک فوج کی بے مثال بہادری اور صلاحیت کی بدولت ہم ملک سے دہشتگردی کی عفریت کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام حکومتی ادارے مکمل طور پر متحرک اور ہم آہنگ ہیں، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور پاکستان کو ایک محفوظ، پرامن اور مستحکم ریاست بنانے کے مشن سے کوئی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
